Monday, March 14, 2016

ہمیشہ سوچ کر آتا ہوں
دل کا حال لکھوں گا
تمہیں وہ سب بتاؤں گا
جو میں محسوس کرتا ہوں
وہ سب جگنو دکھاؤں گا
جو تم کو سوچ لینے سے ہی آنکھوں میں اترتے ہیں
تمہیں دل کے وہ سب گوشے جہاں پر تم ہی رہتے ہو
دوبارہ سے دکھا ؤں گا
ذرا مغرورسا ہو کر
تمہاری سمت پلٹوں گا
کہوں گا پھر ...

کہ یہ دیکھو۔۔۔۔۔!
نئے کچھ پھول بوئے ہیں
کہو کیسے لگے تم کو؟؟
انہی پھولوں کو چن چن کر
صبح ہونے سے کچھ پہلے
تمہیں میں روز بھیجوں گا
تمہیں یہ بھی کہوں گا میں
مجھے کچھ تتلیاں بخشو
بنا سوچے بنا سمجھے
ہتھیلی آگے کر دوں گا
کہوں گا بس 
ابھی دو ناں۔۔۔۔!

مجھے ایسا ہی لگتا ہے
کہ تم دھیرے سے ۔۔۔اک حدت بھری
معصوم سی تتلی
ہتھیلی پر سجا دو گی
مجھے محسوس ہوتا ہے
پھر اس سے بھی ذرا آگے
جہاں خوابوں کا مسکن ہے
تمہیں میں ساتھ رکھوں گا
وہاں کچھ خواب ہیں میرے جو تم بن
کچھ ادھورے ہیں
انہیں کچھ رنگ دینے ہیں
تمہیں پھر یہ کہوں گا میں
سنو خوابوں کو ۔۔۔ " کن " بولو
انہیں سانسیں عطا کر دو
یہ میں محسوس کرتا ہوں
تمہارا لمس پاتے ہی
یہ سپنے جاگ جائیں گے
مجھے معلوم ہے یہ بھی
کہ تم دل کی سخی بھی ہو
انہیں مرنے نہیں دوگی
کسی بھی سرد موسم میں
کسی بے درد موسم میں
انہیں دل میں چھپا لو گی
کسی آندھی کی شدت میں
انہیں بانہوں میں بھر لو گی
یہ میرے ان کہے جذبے
سبھی محسوس کر لو گی
کبھی محسوس کر لو گی...

No comments: